برینڈن میکالم آنا چاہتے تھے مگر وہ اس لئے نہیں آئے کیونکہ

لاہور (روزنامہ یوکے ٹائمز)  سابق ٹیسٹ کرکٹر اورکمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ برینڈن میکالم ورلڈ الیون کیلئے دستیاب تھے مگر وہ نہیں آئے کیونکہ ان کی ایک جوان فیملی ہے اور ایک کرکٹر کیلئے اپنی فیملی سے دور رہنا اور پھر سیکیورٹی خدشات کے باعث آنے کا فیصلہ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، اس لئے ہمیں اس معاملات پر بھی کام کرنا ہو گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ یہ بڑی زبردست بات ہے کہ آئندہ پی ایس ایل کے کئی میچز پاکستان میں ہوں گے۔ لیکن ہمیں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی دلچسپی کو بھی دیکھنا ہے، مثال کے طور پر برینڈن میکالم ورلڈ الیون کیلئے دستیاب تھے، مگر وہ نہیں آئے کیونکہ ان کی ایک جوان فیملی ہے۔

ایک طرح سے اب بھی ہمیں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں۔ اگر ہم اسی طرح کی سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائیں گے اور اسی طرح سے غیر ملکی کھلاڑیوں کا خیال کریں اور ان کے خدشات کو دور کر دیں تو مجھے ایسا لگتا ہے کہ پی ایس ایل ”کھل“ کر پاکستان میں ہو جائے گی۔