فلم ’’جگاجاسوس‘‘ کا ریلیز کے پہلے دن 8 کروڑ 57 لاکھ کا بزنس

ویب ڈیسک(روزنامہ یوکے ٹائمز)بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور باربی ڈول کترینہ کیف کی فلم ’’جگاجاسوس‘‘ نے ریلیز کے پہلے دن 8 کروڑ 57 لاکھ روپے کمالیے۔ہدایت کار انوراگ باسو کی میوزیکل ڈرامہ فلم ’’جگا جاسوس‘‘ طویل انتظار کے بعد بالآخر کل بروز جمعہ بھارت میں ریلیز کردی گئی۔ فلم کا انتظار شائقین کافی طویل عرصے سے کررہے تھے کیونکہ بریک اپ کے بعد پہلی بار رنبیر اور کترینہ نے ایک ساتھ کسی فلم میں کام کیا ہے۔ 110 کروڑ کے بھاری بجٹ سے بنائی گئی فلم ’’جگاجاسوس‘‘ کو پورے بھارت میں 1800 اسکرینز پر نمائش کیلئے پیش کیا گیا تاہم فلم ریلیز کے پہلے دن اوسط درجے کا بزنس ہی کرسکی۔ بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جگاجاسوس‘‘ نے ریلیز کے پہلے دن 8 کروڑ 57 لاکھ کا بزنس کیا ہے۔فلم میں رنبیر کپورایک یتیم لڑکے کا کردارادا کررہے ہیں جو اپنے کھوئے ہوئے والد کی تلاش میں نکل پڑتا ہے اور اسی دوران اسے پتا چلتا ہے کہ اس کے والد اب دنیا میں نہیں ہیں۔ فلم میں کترینہ ایک صحافی کا کردارادا کررہی ہیں جو رنبیر کے والد کی موت کا پتا لگانے کیلئے اس کا ساتھ دیتی ہیں۔ فلم کی موسیقی اور مناظر کو شائقین کی جانب سے پزیرائی حاصل ہورہی ہے جبکہ فلم کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ فلم میں رنبیر اورکترینہ کی کیمسٹری علیحدگی کے باوجود شاندار ہے۔فلمی تجزیہ نگار گریش جوہر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریلیز کے پہلے دن فلم کو لوگوں کی جانب سےاوسط درجے کا ردعمل موصول ہوا ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ اگلے دو روز میں ویک اینڈ کی وجہ سے شائقین کی بڑی تعداد سینماؤں کا رخ کرے گی اور فلم بہتر بزنس کرے گی۔ یاد رہے کہ حال ہی میں رنبیر کپور نے ’’جگا جاسوس‘‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ان کی فلم باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تو وہ سینما مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز کونقصان کے ازالے کے طور پر اپنی جیب سے رقم ادا کریں گے۔واضح رہے کہ ہدایت کار انوراگ باسو اوررنبیر کپور کی ایک ساتھ یہ دوسری فلم ہے اس سے قبل دونوں ایک ساتھ 2012 کی کامیاب ترین فلم ’’برفی‘‘ میں کام کرچکے ہیں۔