بھارتی شہر دارجیلنگ میں علیحدہ ریاست کیلئے ہزاروں خواتین کی ریلی

نئی دہلی(روزنامہ یوکے ٹائمز) بھارت میں الگ ریاست گورکھا لینڈ کا مطالبہ زور پکڑگیا اور دارجیلنگ شہر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ریاست مغربی بنگال کے شہر دارجیلنگ میں 31 ویں روز بھی مکمل ہڑتال ہوئی جس کی وجہ سے کاروبار زندگی مفلوج رہا۔ ہزاروں خواتین نے علیحدہ ریاست ’’گورکھا لینڈ‘‘ کے حق میں ریلی نکالی اور احتجاج کیا۔ انہوں نے ہاتھوں میں تیزدھار خنجر اور پرچم تھامے ہوئے تھے۔احتجاج کرنے والی خواتین علیحدہ ریاست کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگارہی تھیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا جب بھی حقوق مانگتے ہیں تو بھارتی انتظامیہ انہیں تشدد اور گولیوں کا نشانہ بناتی ہے۔واضح رہے کہ مغربی بنگال میں 1980 سے جاری “گورکھالینڈ” تحریک میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔