نوازشریف نے سپریم کورٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے جس پر انہیں ضرور سزا ملے گی: شیخ رشید

راولپنڈی(روزنامہ یوکے ٹائمز)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کہتے ہیں کہ نوازشریف کو سارے خون معاف ہو سکتے ہیں لیکن سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا اس کی معافی نہیں ملے گی۔وہ لال حویلی میں آئے ایک وفد سے ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جھوٹے اعداد و شمار پیش کر کے سپریم کورٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے جس پر انہیں ضرور سزا ملے گی جو کہ کم ازکم 14 سال قید ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ہر چیز معاف ہو سکتی ہے ، جےآئی ٹی پہ تنقید کو بھی نظر انداز کیا جا سکتا ہے، اسمبلی میں کی گئی تقریر سے بھی خلاصی مل سکتی ہے لیکن سپریم کورٹ میں بولے گئے جھوٹ پہ ضرور پکڑ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا احتساب ہو رہا ہے تو یہ لوگ جواب دینے کے بجائے اسے جمہوریت کے خلاف سازش قرار دے رہے ہیں اور مظلوم بننے کی کوشش کر رہے ہیں اب وہ کمپارٹ آئے ہوئے پرچوں میں بھی فیل ہو جائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ پوری اپوزیشن وزیراعظم کے بے رحم احتساب پر متفق ہے اگر کوئی نوازشریف کی مدد کو آیا بھی تو وہ مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے سوا کوئی اور نہ ہو گا۔