معروف بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ہالی ووڈ کی ایک اور فلم سائن کرلی

ممبئی(روزنامہ یوکے ٹائمز) معروف بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ہالی ووڈ کی ایک اور فلم سائن کرلی ہے جس کی عکس بندی کا جلد ہی آغاز کردیا جائے گا۔مس ورلڈ کا تاج سر پر سجانے اور بالی ووڈ میں بے شمار کامیاب فلموں میں کام کرنے کے بعد پریانکا چوپڑا اب ہالی ووڈ میں بھی تیزی سے اپنے قدم جما رہی ہیں اور انہوں نے ہالی ووڈ میں اپنی تیسری فلم بھی سائن کرلی۔امریکی ٹی وی شو کوانٹیکو سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد انہوں نے اپنی پہلی ہالی ووڈ فلم بے واچ میں ڈوائن جانسن دی راک کے ساتھ کام کیا۔ اس کے بعد انہیں دوسری فلم اے کڈ لائیک جیک میں کام کرنے کا موقع ملا جو رواں سال ریلیز ہوگی۔اب انہوں نے اپنی تیسری فلم ازنٹ اٹ رومینٹک بھی سائن کرلی ہے جس میں ان کے ساتھ ریبیل ولسن اور ایڈم ڈوائن مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔رومانویت اور مزاح پر مبنی اس فلم میں پریانکا چوپڑا ایزابیلا نامی ایک یوگا ٹرینر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔فلم کی شوٹنگ کا نیویارک میں بہت جلد آغاز کردیا جائے گا۔