غیرملکی فٹبالرز کو خوش آمدید کہتے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی(روزنامہ یوکے ٹائمز) آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن کھیلوں کا دلدادہ ملک ہے، پاکستان میں امن و امان کی فضا مستحکم ہونے کے بعد کھیلوں کی سرگرمیان رفتہ رفتہ بحال ہورہی ہیں، رونالڈینیو سمیت تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔پاک فوج کے تعلقات عامہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی جانب سے غیر ملکی فٹبالرز کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے غیر ملکی فٹبالرز سے ملاقات کی۔دوران ملاقات آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی فضا مستحکم ہورہی ہے جس کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں رفتہ رفتہ بحال ہورہی ہیں، پاکستان کھیلوں کا دلدادہ ملک ہے کیونکہ ہم امن کے خواہش مند ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ کھیلوں سے امن کو فروغ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم رونالڈینیو سمیت تمام غیر ملکی فٹبالرز کو تہہ دل سے خوش آمدید کہتی ہے۔ آرمی چیف نے تمام غیر ملکی فٹبالرز کا پاکستان آمد پر شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر غیر ملکی فٹبالرز نے آرمی چیف سے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے ہم اپنے دورے کو انجوائے کریں گے اور پاکستان میں موجود فٹبال کے شائقین کو بھی اچھے میچ دکھانے کی کوشش کریں گے۔رونالڈینو کی قیادت میں آنے والے کھلاڑی آج کراچی میں واقع عبدالستار اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کھیلیں گے، غیر ملکی فٹبالر کی آمد پر پاکستانی عوام پرمسرت نظر آرہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے پاسز مہنگے ہونے کے باوجود دو روز قبل ہی ختم ہوگئے تھے۔